کراچی( ثاقب صغیر )سعودی عرب میں بھیک مانگنے والی 3 خواتین سمیت 4 ملزمان گرفتار، جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے دو مسافر آف لوڈ کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے سعودی عرب سے آنے والی تین خواتین سمیت 4مسافروں کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا۔مسافروں میں شاہنواز، شہزیہ بی بی، سونیا اور فرزانہ بی بی شامل ہیں۔مسافروں کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بھیک مانگنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ملزمان عمرہ ویزوں پر سعودی عرب گئے تھے۔ملزمان کے مطابق ایجنٹ محمد صدیق اکبر نے انھیں بھیک منگوانے کے لیے بیرون ملک بھجوایا۔ایجنٹ نے فی کس 2 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے جس کی رقم بھیک مانگ کر ادا کی گئی۔ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے سعودی سفارتخانے سے رابطہ کیا جائے گا۔دوسری جانب ایف آئی اے پشاور نے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا ۔حکام کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران دو مسافروں حمزہ مختار اور محمد بدرالدین کو کہ سیالکوٹ کے رہائشی ہیں کو فلائٹ نمبر FZ-376 کے ذریعے تنزانیہ جاتے ہوئے روکا گیا۔ابتدائی جانچ کے بعد دونوں کو مزید پروفائلنگ کے لیے ریفر کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق مسافر بزنس ویزہ پر سفر کر رہے تھے مگر کسی قسم کے کاروباری دستاویزات پیش نہ کر سکے۔ دوران تفتیش الیکٹریشن ٹیکنیشن کے جعلی ڈپلومہ جات برآمد ہوئے جن پر مختلف اداروں کے جعلی اسٹیمپ اور دستخط پائے گئے۔ملزمان نے جعلی دستاویزات ایجنٹس کے ذریعے حاصل کرنے کا اعتراف کر لیا۔دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔