• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے عالمی روڈ شوز کا اعلان

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومتِ پاکستان نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے تحت تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کا جامع منصوبہ پیش کر دیا ہے سرکاری حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت چین ترکی اور سعودی عرب میں روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ملک کے اندر بھی سرمایہ کاروں سے رابطے کیے جائیں گے۔ ان روڈ شوز میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے مواقع پیش کیے جائیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ پینتالیس روزہ مہم کا مقصد بجلی کی تقسیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنا اور بولی کے عمل سے قبل سرمایہ کاروں کی دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ روڈ شوز میں تنظیم نو، طرزِ حکمرانی میں بہتری اور نجی شعبے کے تحت کارکردگی بڑھانے کے امکانات کو نمایاں کیا جائے گا۔ یہ اقدام نجکاری کمیشن بورڈ کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے، جس نے پہلے ہی مجوزہ لین دین کے ڈھانچے، ابتدائی اہلیت کے معیار اور تنظیم نو کے فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔ اب یہ سفارشات حتمی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید