لاہور(خصوصی رپورٹر)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے تحت 18 اپریل کو عالمی یومِ ورثہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر شالامار باغ، شاہدرہ کمپلیکس اور اندرون شہر لاہور سمیت اہم تاریخی مقامات پر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ حکومتِ پنجاب عوام میں اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اس کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔تقریبات کا ایک اہم حصہ شالامار باغ میں منعقد ہونے والا سیمینار تھا جس کا موضوع ’’ماضی کا تحفظ، ایک پائیدار مستقبل کے لیے ‘‘تھا۔ اس سیمینار میں ممتاز ماہرین اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی اور ورثے کے تحفظ اور پائیدار اقدامات کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ پینلسٹس میں ساجدہ ونڈل (ماہرِ تعمیرات، سی ای او تھاپ)، پرویز ونڈل (ماہرِ تعمیرات، سابق پرو وائس چانسلر آئی اے سی)، شائستہ پرویز ملک (رکن قومی اسمبلی)، خواجہ توصیف احمد، ڈاکٹر نیلم ناز (پروفیسر آف آرکیٹیکچر،یو ای ٹی) اور عمر فاروق (ماہرِ تعمیرات، پروفیسر بی این یو) شامل تھے۔ مزید براں شالامار باغ میں مختلف فنون کے کاریگروں کے کام کا ایک چھوٹا سا سیٹ اپ نمائش کی صورت میں پیش کیا گیا۔