اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) اسلام آباد سے “روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز 270 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہو گئی۔ 95ہزار 800پاکستانی عازمین روڈ ٹو مکہ کےجدید نظام سے فائدہ اٹھائیں گے،عازمین حج کو مفت سعودی سم فراہم کی جائیگی جس میں انٹرنیٹ ڈیٹا، لوکل اور انٹرنیشنل کالنگ منٹس موجود ہونگے ،سعودی ایئرلائن کی پرواز SV-5723صبح گیارہ بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی، جس کے ساتھ ہی اسلام آباد سے حج 2026 کے فضائی آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، سعودی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد ال علی اور جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اینٹی نارکوٹکس فورس، ایئرلائن کے نمائندوں نے عازمین حج کو رخصت کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج 2026 کی پہلی حج پرواز کے ساتھ عازمین کو سرزمین حجاز روانہ کر دیا گیا ہے، جو ہر مسلمان کی زندگی کا ایک یادگار ترین لمحہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح عازمین حج کو سہولت، وقار اور آسانیوں پر مبنی سفر کی فراہمی ہے۔