• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران امریکا مذاکرات، مئیر لندن شہباز شریف کی اعلیٰ قیادت کے معترف

لندن (مرتضی علی شاہ)میئر لندن صادق خان نےایران امریکا مذاکرات پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی اعلیٰ قیادت کے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے قیام کیلئے وزیراعظم پاکستان غیرمعمولی قیادت پر داد کے مستحق ہیں۔ وہ لندن میں ٹریفالگر اسکوائر پر ویساکھی کی تقریب میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ میئر لندن صادق خان نے مزید کہا کہ امریکی نائب صدر کے ڈی وینس کا پاکستان جانا، شہباز شریف کا کریڈٹ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جنگ بندی مستقل ہو، سفارت کاری انتہائی اہم ہے، تنازعات خوش اسلوبی اور پرامن طریقے سے حل ہونے چاہئیں۔ صدر ٹرمپ کی تنقید کی زد میں رہنے والے صادق خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کم ہی کسی کی تعریف کرتے ہیں، صدر ٹرمپ کی طرف سے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرنا، پاکستان کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، پاکستان میزبانی کی پیشکش نہ کرتا تو امریکا ایران مذاکرات نہ ہوتے، فریقین کا مذاکرات پر رضامند ہونا پاکستان پر اعتماد کا اظہار بھی ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے انشااللہ امن قائم ہوگا اور جنگ بندی برقرار رہے گی، جنگ کے اثرات برطانیہ سمیت دنیا بھر پر پڑ رہے ہیں، مسلمانوں کے خلاف بڑھتی نفرت اور اسلامو فوبیا قابل تشویش ہے،چند ہفتہ قبل ٹریفالگر اسکوائر پر افطار کا اہتمام کرنے پر دائیں بازو، نسل پرستوں اور میڈیا کے بعض حصوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا دعویٰ تھا کہ مسلمانوں نے اسکوائر پر نماز پڑھ کر اپنے غلبہ کا اظہار کیا ہے اور ایسی تقریبات پر پابندی لگنی چاہئے، اب تنقید کرنے والے کیا کہیں گے کہ جب سکھ یہاں تقریب سے لطف اندوز ہورہے ہیں، یہاں دیگر مذاہب کی تقریبات بھی ہوں گی،صادق خان نے کہا کہ ہم عید کی تقریب بھی یہاں منائیں گے، تنقید بے بنیاد اور بلا جواز تھی، برطانیہ سمیت دنیا بھر میں نفرت اور اسلاموفوبیا میں اضافہ ہورہا ہے، اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے اتحادی شاندار ہیں، کئیر اسٹارمر نے تقریبات کو برطانوی اقدار کے مطابق قرار دے کر دفاع کیا، یہودیوں نے بھی ہمارا ساتھ دیا، مئیر لندن صادق خان نے سکھوں کو ویساکھی کی مبارکباد پیش کی اور لنگر تقسیم کرنے میں مدد کی۔

اہم خبریں سے مزید