اسلام آبا(مہتاب حیدر) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو پاکستان کے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کے اعلیٰ سطحی وفد سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں ملک بھر کی نمایاں چیمبرز، ایسوسی ایشنز، برآمدکنندگان اور صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ وفد نے وفاقی بجٹ 2026-27 کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کرتے ہوئے ٹیکسٹائل صنعت کی مسابقت، پائیدار ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کیے۔ملاقات کے دوران صنعت کے نمائندوں نے معیشت میں ٹیکسٹائل شعبے کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ برآمدات، روزگار، صنعتی سرگرمیوں اور زرمبادلہ کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔