ٹوکیو (عرفان صدیقی) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے روس یوکرین جنگ کیلئے پاکستانی شہریوں کی مبینہ بھرتی سے متعلق شائع ہونے والی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو فوری تحقیقات اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے جنگی علاقوں میں بھیجنے والے عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر اعظم کے احکامات کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور نے فوری طور پر تحقیقات شروع کرا دی ہیں۔ حکام کے مطابق ان پاکستانی شہریوں سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جو روس سے واپس آئے ہیں یا مبینہ طور پر ایجنٹوں کے ذریعے اس نیٹ ورک کا شکار ہوئے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اس معاملے میں انتہائی تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی میں ایف آئی آر نمبر ایف آئی آر۔اے ایچ ٹی سی۔آر ڈبلیو پی۔42/26 درج کر لی ہے۔ ایف آئی آر بارہ مئی 2026 کو درج کی گئی جس میں ایک ملزم پر روس بھجوانے کے نام پر شہری سے رقم وصول کرنے اور دھوکا دہی کے الزامات شامل کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ہیڈ آفس میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے سربراہ ڈاکٹر اطہر وحید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایجنٹوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی جو پاکستانی نوجوانوں کو روس یوکرین جنگ کے لیے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔