ٹوکیو (عرفان صدیقی) اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ نے کہا ہے کہ گفٹ اسکیم میں ایک سالہ ٹرانسفر پابندی ختم ہونے کی امید ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظات وزیراعظم تک پہنچا دیئے۔ بیرون ملک مقیم ایک کروڑ سے زائد پاکستانیوں کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے گفٹ اسکیم کے تحت گاڑیاں پاکستان بھجوانے کی سہولت ایک مثبت اقدام ہے، تاہم اس پالیسی میں شامل ایک سال تک گاڑی ٹرانسفر نہ کرنے کی شرط پر دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کو شدید تحفظات ہیں۔روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید قمر رضا شاہ نے کہا کہ جاپان سمیت مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس شرط پر اعتراضات اٹھائے ہیں، جنہیں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف تک پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مؤقف کی تائید کی ہے۔