اسلام آباد( نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان ، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احتحاج کی خود قیادت کرنے اور اس موقع پر آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا اعلان کیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران قوم پر عذاب، عوام سے ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کہیں اور نہیں وفاقی دارلحکومت میں ایک طرف غریبوں کی بستیاں گرائی جارہی ہیں اور اشرافیہ کے لئے غیر قانونی طور پر تعمیرشدہ ٹوئن ٹاور “ون کانسٹی ٹیوشن” کو بجایا جارہا ہے۔ اس سے ہمارے حکمرانوں ہی نہیں عدل کانظام عدل چلانے والوں پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ ہماری جدوجہد کے سبب یہ دہرا نظام تادیر نہیں چلے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی نہ کی اور پٹرولیم لیوی کو مکمل طور پر ختم نہ کیا تو جماعت اسلامی کے پاس پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کا آپشن (Option) بھی موجود ہیں۔ انہوں نے عوام خصوصی طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔