راولپنڈی (حافظ وسیم اختر) اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے راشن میں ماہانہ لاکھوں روپے کی ہیرا پھیری کے الزامات پر انکوائری شروع نہ ہوسکی ، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اوروزیراعلیٰ پنجاب کو ایک دی گئی درخواست میں الزام لگایاگیا تھاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ہر قیدی کے لیے ہفتہ وار 540 گرام مرغی کے گوشت کا بجٹ فراہم کیے جانے کے باوجود جیل انتظامیہ اور ہیڈ کلرک کی ملی بھگت سے قیدیوں کو دالیں کھلائی جاتی ہیں اور رقم ہڑپ کی جارہی ہے ، اور صرف گزشتہ ایک سال کے دوران مرغی کے گوشت کی مد میں ایک کروڑ 15 لاکھ 24 ہزار روپے سے زائد کی رقم خورد برد کی گئی، طریقہ واردات کی وضاحت کرتے ہوئے کہاگیاکہ ہر ہفتے قیدیوں کے لئے گوشت کی ایک ٹرن مس کر کے دال دی جاتی ہے اور مہینے میں چار مرتبہ مرغی کے بجائے دال فراہم کر کے بھاری رقوم جیبوں میں ڈالی جاتی ہیں،کرپشن کی داستان یہیں ختم نہیں ہوتی جیل میں روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والے 60 کلو روٹیوں کے ٹکڑوں کی فروخت میں بھی ماہانہ 45 لاکھ روپے سے زائد کی بدعنوانی کی جا رہی ہے۔