لاہور (آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) نے مستقبل کے سرکاری افسران میں دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور جوابدہی کو فروغ دینے کے لیے “اخلاقی قیادت” کے عنوان سے جامع لیکچر سیریز کا آغاز کر دیا ہے۔ 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران کو جرات، غیر جانبداری اورپیشہ ورانہ طرزِ عمل اپنانے کی ہدایت۔ سابق پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیر اعظم سعید مہدی نے کہا کہ افسران ریاست کے خادم ہیں، کسی حکومت کے نہیں، اصولوں پر قائم رہنا ہی اصل قیادت ہے۔جامع لیکچر سیریز کے آغاز کا مقصد زیر تربیت افسران میں اخلاقی جرات، قانون کی پاسداری اور اصولی فیصلہ سازی کو ابتدائی مرحلے پر ہی ان کی پیشہ ورانہ شناخت کا حصہ بنانا ہے۔ اس سلسلے کے افتتاحی سیشن سے ممتاز سابق بیوروکریٹ اور سابق پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیر اعظم سعید مہدی نے خطاب کیا، جنہوں نے ملکی انتظامی و سیاسی نظام میں اپنے طویل تجربے کی روشنی میں اہم نکات بیان کیے۔ وہ اپنی معروف تصنیف دی آئی وٹنس: اسٹینڈنگ ان دی شیڈوز آف پاکستانز ہسٹری کے مصنف بھی ہیں۔ لیکچر میں 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے زیر تربیت افسران نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ڈائریکٹر (سی ٹی پی/سی بی) کے استقبالیہ کلمات سے ہوا جبکہ سید بابر علی شاہ نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔