کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ الیون میں پلے آف پوزیشن کے حصول کیلئے ٹیموں میں مقابلہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ۔ منگل سے کراچی اور لاہور میں ایک ساتھ میچ ہوں گے، اتوار کو پلے آف میچوں کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔ موجودہ صورتحال کے مطابق دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز مشکلات کا شکار ہے ، اسے ہوم گرائونڈ میں اپنے آخری تین میچوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ قذافی اسٹیڈیم میں منگل کو دوپہر ڈھائی بجے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ شام سات بجے کراچی میں ملتان سلطانز اور راولپنڈیز کا میچ ہوگا۔ اب تک ٹورنامنٹ میں44 میں سے29 میچ ہوچکے ہیں۔ پشاور زلمی آٹھ میچوں میں سے سات جیت کر 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔اس کے اور وہ چوتھے نمبر پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 8،8 میچز ہوچکے ہیں ۔کوئٹہ نے صرف تین میچ جیتے اور پانچ ہارے ہیں ۔اس کی پیشقدمی مشکل ہوگی باقی تمام ٹیمیں سات، سات کھیل چکی ہیں۔ پشاور زلمی کیلئے سری لنکا کے کوشل مینڈس 413 اوربابر اعظم 401 رنز بناکر نمایاں ہیں۔ بولنگ میں اسپنر سفیان مقیم 17، شاہین شاہ آفریدی 13 اور حسن علی 11 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔ ملتان سلطانز پانچ اور اسلام آباد یونائیٹڈ چارمیچ جیت کر پلے آف میں جانے کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں ۔ بظاہر چوتھی ٹیم کیلئے لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان مقابلہ ہے۔