کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناکامیوں اور پریشانیوں میں گھری پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک اور امتحان نزدیک آگیا، تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کیلئے آسٹریلین ٹیم کا دوسرا گروپ بھی پاکستان پہنچ گیا،کھلاڑیوں نے اتوار کی شام راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھر پور ٹریننگ کی۔ آسٹریلوی کپتان مچل مارش کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر بہت لطف آتا ہے، موقع ملا تو پی ایس ایل کھیلنا پسند کروں گا ۔ یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے ، پاکستانی اسپن بولنگ کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، سیریز ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد دے گی۔ پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا ۔ پاکستان نے اگلے 50اوورز کے عالمی کپ کو سامنے رکھتے ہوئے سیریز میں کچھ نئے چہروں کی نقاب کشائی کا فیصلہ کیا ہے، سیریز کے لئے پنڈی میں سیکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے جارہے ہیں ، پریکٹس سیشن کے دوران 3500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ، اسٹیڈیم اور اطراف کی اہم عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے ۔ پاکستان ون ڈے اسکواڈ کے پریکٹس میچ میں شاداب الیون نے شاہین الیون کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 148 رنز کا ہدف تین وکٹ پرحاصل کرلیا، غازی غوری 44 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، یاسر خان 37 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔کپتان شاداب خان نے 25 گیندوں پر 31 رنز اسکور کیے۔ شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 13 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، نسیم شاہ نے 5 اوورز میں 27 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سفیان مقیم 48 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ اس سے قبل شاہین آفریدی الیون 147 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، سلمان علی آغا 69 گیندوں پر 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عرفات منہاس نے 29 رنز بنائے، صاحبزاہ فرحان 15 رنز بنا سکے۔ حارث رؤف نے چار ،احمد دانیال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو دونوں ٹیمیں فلڈ لائٹس میں پریکٹس سیشن کریں گی۔ منگل کو صرف آسٹریلین اسکواڈ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرے گا۔