• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں لٹریری فیسٹیول سیزن 3 کا افتتاح کردیا گیا

پشاور (اے پی پی)کلچر لٹریچرآرٹس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام نشتر ہال پشاور میں 2روزہ پشاور لٹریری فیسٹیول سیزن3کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔تر جمان لٹریری فیسٹیول پشاور کے مطابق خیبر پختونخوا کے مشیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل، تاج محمد ترن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے سیکھنے اور فکری ترقی کا ایک اہم موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادبی فیسٹیولز کا انعقاد زیادہ تسلسل سے ہونا چاہیے کیونکہ یہ علم کے تبادلے اور فکری مکالمے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر تنظیم کے سی ای او اور فیسٹیول کے منتظم اعلی عبد الرحمن نے ایونٹ کو کامیاب بنانے پر تمام افراد، سپانسرز اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کامیابی اجتماعی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ سینئر لیڈ پشاور لٹریری فیسٹیول شہاب الدین نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، معاون اداروں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین اور ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ افیئرز زبیر خٹک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ فیسٹیول میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں پینل ڈسکشنز، کتابوں کی رونمائی، مشاعرے، ثقافتی پرفارمنسز اور ادیبوں، دانشوروں اور فنکاروں کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز شامل ہیں۔
پشاور سے مزید