راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے باوجود وارداتیں جاری، رکشہ، 15 موٹرسائیکل غائب ہوگئے۔ اسلحہ کی نوک پر متعددڈکیتیاں،شہری موبائل فونز، نقدی ،طلائی زیورات ودیگر اشیاء سے محروم ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے شہری مختلف وارداتوں میں 13موٹرسائیکلوں ایک رکشے ،16موبائل فونز،نقدی ،طلائی زیورات اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،تھانہ صدربیرونی کے علاقہ گلشن آباد میں اسلحہ کی نوک پرمحمداسد سے موٹرسائیکل125 ،چار ہزار روپے اور گھڑی ،تھانہ ریس کورس کے علاقہ محلہ حاجیاں میں ریحان قادر سے اسلحہ کی نوک پر موبائل ،رومی پارک کے قریب مبین خان اور اس کے کزن سے 2موبائل اور6ہزار روپے ،تھانہ چک لالہ کے علاقہ جمشید کالونی میں 2موٹرسائیکل سوار عمران خوشحال سے 20ہزار روپے ،موٹرسائیکل اورموبائل ،تھانہ چک لالہ کے علاقہ گلریزمیں 2نامعلوم ملزمان کفنان کی گاڑی روک کر2موبائل ،2طلائی انگوٹھیاں ،پرس وغیرہ ،تھانہ سٹی کے علاقہ سٹی صدر روڈ پرمحمودالحسن سے موبائل مالیتی ساڑھے سات لاکھ روپے ،غوثیہ سٹریٹ لال کڑتی میں شبیر کی دکان سے شٹرنگ کاسامان اور لکڑی کے دروازے وغیرہ مالیتی 9لاکھ روپے ،بی 17میں مرزاعظیم بیگ کے گھرسےسونا مالیتی 10لاکھ روپے اور نقدی 30ہزار روپے ،حسین آباد میں احسان اللہ کے گھرسے 2لاکھ 80ہزار روپے ،ساگری میں آئیسکو کاٹرانسفارمرگراکر قیمتی کوائلزچوری کرلی گئیں ۔ ادھر وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی ، سرقہ بالجبر ، نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاؤہ2 موٹر سائیکل اور 2 گھروں میں چوری کر لی گئی۔