اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن غزہ کے جنگ متاثرین اور مہاجر خاندانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منانے کے لیے قاہرہ، مصر روانہ ہو گئے۔ وہ اہلِ پاکستان کی جانب سے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت، تحائف اور عید کی خوشیاں غزہ کے مظلوم مسلمانوں تک پہنچائیں گے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ کے متاثرہ خاندانوں، یتیم بچوں اور جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے ساتھ عید منانے کا مقصد انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے آغاز کے بعد یہ تیسری عیدالاضحیٰ ہے جو الخدمت کی جانب سے غزہ متاثرین کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔نہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اس سال مصر، ویسٹ بینک اور لبنان میں اہلِ غزہ کے لیے مجموعی طور پر 500 بڑے اور 450چھوٹے جانور قربان کر رہی ہے۔ مصر کے علاقوں راس غارب، نوباریہ اور دیگر مقامات پر 400گائے قربان کی جائیں گی۔ عید پر 100گائے کا تازہ گوشت مصرکے مختلف علاقوں میں مقیم غزہ مہاجرین کو فراہم کیا جائے گا۔