اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے روات آتشزدگی متاثرین میں نقد امدادی رقوم، راشن پیک اور عید گفٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن الطاف شیر، نائب صدر غلام سرور تبسم اور ناظم زون وقاص اجمل اور صدر سیاسی کمیٹی ہما ایوب بھی شریک تھے۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں میں نقد امداد اور عید پیکجز تقسیم کیے گئے۔نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ روات بازار آتشزدگی سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے اور ان کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کا ایم این اے “فارم 47” کا سب سے بڑا شاہکار ہے، مگر افسوس کہ اس نے ابھی تک متاثرین سے ملاقات تک نہیں کی۔