• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ٹی او راولپنڈی کا بس اڈوں کا دورہ، زائد کرایوں کی وصولی کا نوٹس

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سی ٹی او راولپنڈی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کے مختلف ویگن اور بس اڈوں کا ہنگامی دورہ کیا ۔دورے کے دوران سی ٹی او نے پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس چیک کیے اور گاڑیوں میں موجود مسافروں سے کرایوں اور اڈوں پر دستیاب سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی او فرحان اسلم نے بتایا کہ عید الاضحی کے پیش نظر زائد کرایہ وصول کرنے، اوور لوڈنگ کرنے اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت اب تک 107 گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر قائم اڈوں اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو قوانین سے متعلق آگاہی دینے کی مہم بھی تیزی سے جاری ہے، ٹریفک سے متعلق کسی بھی شکایت یا زائد کرایے کی صورت میں فوری طور پر ٹریفک پولیس کی آفیشل ہیلپ لائن 0519274843 پر رابطہ کریں۔
اسلام آباد سے مزید