• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران مذاکرات کرے، نہیں تو سنگین مسائل کا سامنا کرے: ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو
ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ایران بالآخر مذاکرات کی راہ اختیار کرے گا، بصورت دیگر بہت سے سنگین مسائل کا سامنا کرنا ہو گا، جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک ریڈیو پروگرام دی جان فریڈرکس شو کو ٹیلیفونک انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران مذاکرات کرے گا اور اگر اس نے ایسا نہ کیا تو اسے ایسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایران ایک معقول معاہدہ کرے گا اور اپنے ملک کی تعمیرِ نو پر توجہ دے گا، تاہم اس عمل میں اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جب ایران یہ کرے گا تو اس کے پاس کوئی جوہری ہتھیار نہیں ہو گا، نہ ہی اسے اس تک رسائی حاصل ہو گی اور نہ ہی ایسا کرنے کا کوئی امکان ہو گا، ہم اس کی اجازت نہیں دے سکتے، کیونکہ یہ دنیا کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے اور ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران کے معاملے میں ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا، ایسا نہیں تھا کہ ہمارے پاس کوئی انتخاب موجود تھا، ہمیں یہ قدم اٹھانا ہی پڑا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید