امریکی ریاست لوزیانا میں ایک 31 سالہ نوجوان نے فائرنگ کر کے اپنے 7 بچوں سمیت 8 کمسن بچوں کو قتل جبکہ 2 خواتین کو شدید زخمی کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا جب ملزم نے پہلے اپنی بیوی کو گھر میں گولی ماری اور پھر دوسرے مقام پر جا کر بچوں اور ایک خاتون پر حملہ کر دیا، بچوں کی عمریں 1 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 1 بچہ چھت سے کود کر جان بچانے میں کامیاب ہوا اور اس نے ہی پولیس کو اطلاع دی تھی۔
واقعے کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک شخص سے گاڑی چھین کر پولیس کو چکمہ دینے کی کوشش کی تاہم پولیس کے تعاقب کے دوران وہ بھی ہلاک ہو گیا۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ پولیس کی گولی سے ہلاک ہوا یا اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ تھا، ملزم کا اپنی بیوی سے علیحدگی کا کیس چل رہا تھا اور دونوں کے درمیان جھگڑے بھی ہو رہے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 بچے اور 5 بچیاں شامل ہیں جن میں سے 7 بچے ملزم کے اپنے تھے، جبکہ زخمی خواتین میں اس کی بیوی بھی شامل ہے جس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔