• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎بریڈ فورڈ لوکل الیکشن 2026: سیاسی نقشہ بدل گیا، جشن، نعرے اور نئی صف بندیاں

ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں ہونے والے لوکل الیکشن 2026 نے مقامی سیاست کا منظرنامہ بدل کر رکھ دیا۔ نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونے والے ان انتخابات میں کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہ ہو سکی، تاہم ریفارم یوکے سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئی، جبکہ لیبر پارٹی کو نمایاں دھچکا برداشت کرنا پڑا۔

‎الیکشن نتائج سامنے آتے ہی مختلف علاقوں میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔ کامیاب امیدواروں اور ان کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، نعرے بازی کی اور فتح کو’’عوامی فیصلے‘‘ سے تعبیر کیا۔ پولنگ اسٹیشنوں اور ووٹوں کی گنتی کے مراکز کے باہر رات گئے تک سیاسی سرگرمیاں جاری رہیں۔

‎سرکاری نتائج کےمطابق 87 نشستوں پر ہونے والے مقابلے میں ریفارم یوکے نے 29 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی جماعت کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ کنزرویٹو نے 18،لیبر نے17،گرین نے 9 لبرل ڈیموکریٹس نے ایک اور تیرہ آزاد امیدواروں نے بھی قابلِ ذکر کامیابیاں سمیٹیں۔ تاہم کونسل پر مکمل کنٹرول کے لیے درکار اکثریت کسی جماعت کو حاصل نہ ہو سکی۔

‎سیاسی مبصرین کے مطابق اس انتخاب میں مہنگائی، کونسل ٹیکس، صفائی، سڑکوں کی خراب صورتحال، مقامی ترقیاتی منصوبے اور تارکینِ وطن سے متعلق مباحث اہم موضوعات رہے۔ کئی علاقوں میں ووٹرز نے روایتی سیاسی جماعتوں کے بجائے متبادل قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، جسے بریڈ فورڈ کی سیاست میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

‎انتخابی نتائج کے بعد کامیاب امیدواروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ’’تبدیلی‘‘ کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور اب ان کی اولین ترجیح مقامی مسائل کا حل ہوگی۔ بعض امیدواروں نے کمیونٹی کی نمائندگی، نوجوانوں کے لیے مواقع اور بنیادی سہولیات کی بہتری کو اپنی سیاسی ترجیحات قرار دیا۔

‎دوسری جانب لیبر پارٹی کے لیے یہ نتائج خاصے مایوس کن سمجھے جا رہے ہیں، کیونکہ بریڈ فورڈ کو طویل عرصے سے لیبر کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا تھا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نئی حلقہ بندیاں، عوامی ناراضی اور مقامی سطح پر بدلتے رجحانات نے روایتی ووٹنگ پیٹرن کو متاثر کیا۔

‎انتخابات کے دوران ووٹر ٹرن آؤٹ بھی قابلِ توجہ رہا، جبکہ مختلف وارڈز میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔ کئی نشستوں کے نتائج معمولی فرق سے طے ہوئے، جس سے انتخابی ماحول کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

‎بریڈ فورڈ کے یہ نتائج نہ صرف مقامی حکومت بلکہ مستقبل کی برطانوی سیاست کے لیے بھی اہم اشارے سمجھے جا رہے ہیں، کیونکہ ان سے عوامی رجحانات اور سیاسی ترجیحات میں تبدیلی واضح دکھائی دیتی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید