• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات کا دوسرا دور، ایران کو منانے کیلئے پاکستان کی کوششیں تیز

انصار عباسی

اسلام آباد :…باخبر ذرائع کے مطابق، پاکستان نے ایران کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ تہران کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کیا جا سکے، جس کا مقصد نازک جنگ بندی برقرار رکھنا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔ اس پیش رفت سے آگاہ حکام کے مطابق، پاکستان کی اعلیٰ قیادت ایرانی حکام کے ساتھ فعال رابطے میں ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی سرگرم ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کا بنیادی مقصد کسی بھی ممکنہ تصادم کو روکنا اور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بدھ (آج) کو ختم ہونے والی جنگ بندی میں توسیع ہو سکے۔ اسلام آباد دونوں فریقین کو براہِ راست مذاکرات کیلئے بھی آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ طویل مدتی استحکام حاصل ہو سکے۔ ایک باخبر ذریعے کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد ایران کے جواب کا منتظر ہے۔ اس ذریعے سے دی نیوز کی بات چیت منگل کی رات 9؍ بجے ہوئی۔ ایران کی جانب سے شرکت کی تصدیق ہوتے ہی پاکستان اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ ذریعے کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کی سہولت کاری اور میزبانی کیلئے تیار ہیں۔ اگرچہ بعض بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ مذاکرات بدھ کی صبح ہوں گے، تاہم پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے منگل کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صورتحال کی وضاحت کی۔ وزیر نے کہا کہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے تک پاکستان مجوزہ اسلام آباد امن مذاکرات کیلئے ایرانی وفد کی تصدیق کے حوالے سے باضابطہ جواب کا منتظر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان بطور ثالث ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سفارت کاری و مذاکرات کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر نے مزید بتایا کہ جنگ بندی 22؍ اپریل کو صبح 4؍ بج کر 50؍ منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق) پر ختم ہونے والی ہے، جس سے تہران کی جانب سے فوری فیصلے کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کرنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں، اور یہ کوششیں جاری ہیں۔

اہم خبریں سے مزید