عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے کرکٹ اسٹیڈیم میں بلائے گئے خیبر پختون خوا اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
صدر اے این پی خیبر پختون خوا میاں افتخار حسین نے اسٹیڈیم میں بلائے گئے اسمبلی اجلاس کو ’ڈرامہ بازی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اس اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مصروف ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل بدستور حل طلب ہیں۔
میاں افتخار حسین نے صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اسٹیڈیم میں اجلاس بلانے کا مقصد کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر عوام کو کارروائی دکھانا مقصود ہے تو اسمبلی اجلاس پہلے ہی براہِ راست نشر کیے جاتے ہیں۔
صدر اے این پی خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا ہے کہ اجلاس پر آنے والے اخراجات عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جانے چاہئیں اور کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔