• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر حسنات کو جناح کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کا سربراہ تعینات کرنے کا فیصلہ

لاہور (جنرل رپورٹر) معروف ہارٹ سرجن ڈاکٹر حسنات خان کو جناح کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کا سربراہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق محکمہ صحت اس حوالے سے ان سے مسلسل رابطے میں ہے اور معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسنات خان نے ادارے کا دورہ بھی کیا ہے اور باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے دو ماہ کا وقت مانگا ہے۔ وہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے معروف اسپتالوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور کارڈیک سرجری کے شعبے میں وسیع بین الاقوامی تجربہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر حسنات خان کو عالمی سطح پر اس وقت خاص شہرت ملی جب ان کا نام برطانوی شہزادی ڈیانا، شہزادی آف ویلز کے ساتھ دوستی کے حوالے سے سامنے آیا۔ ذرائع کے مطابق شہزادی ڈیانا نے 1996میں لاہور کے دورے کے دوران ڈاکٹر حسنات کی والدہ سے بھی ملاقات کی تھی۔خاندانی پس منظر کے حوالے سے ذرائع بتاتے ہیں کہ ان کے ماموں ڈاکٹر جواد ساجد خان بھی ایک معروف ہارٹ سرجن ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ طب کے شعبے میں مہارت انہیں وراثت میں بھی ملی۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر حسنات خان کی تعیناتی سے صوبے میں دل کے امراض کے علاج اور جدید کارڈیک سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری متوقع ہے، تاہم حتمی اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
لاہور سے مزید