لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے گزشتہ روز پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) میں صحت کے شعبہ کی اصلاحات کے جائزے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں خصوصاً متعدی بیماریوں کے کنٹرول اور مریضوں کے تحفظ کے حوالے سے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری عظمت محمود، ہیلتھ اور پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کی سیکرٹری نادیہ ثاقب، چیئرپرسن بورڈ آف کمشنرز پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میجر اعظم سلیمان خان (ریٹائرڈ)، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ سی ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز اور پی ایچ سی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرپرسن پی ایچ سی نے بورڈ کی کارکردگی پر بریفنگ دی،خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو متعدی بیماریوں سے بچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے مریضوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات کے نفاذ کو مزید تیز کرنے پر زور دیا، جن میں جلد اور مؤثر انسپکشنز، مستند معالجین کی استعداد کار میں اضافہ اور محفوظ علاج کے بارے میں عوامی آگاہی شامل ہے۔