انصار عباسی
اسلام آباد :…امریکا اور ایران کے درمیان متوقع دوسرے دور کے مذاکرات کے حوالے سے آگاہ ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، کیونکہ اب تک کسی تاریخ کی تصدیق ہوئی ہے اور نہ تہران نے کوئی جواب دیا ہے۔ جب یہ پوچھا گیا کہ آیا آئندہ مذاکراتی دور کے بارے میں کوئی پیش رفت یا اشارہ سامنے آیا ہے، تو ذریعے نے کہا، ’’انتظار کر رہے ہیں،‘‘ یہ جواب سفارتی حلقوں میں محتاط ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں فریقین کی جانب سے مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے رضامندی کے انتظار کے باوجود، اسلام آباد میں محتاط انداز سے پر امیدی کا تاثر برقرار ہے۔ مذاکرات سے متعلق امیدوں کے بارے میں سوال کے جواب میں ذریعے نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہئے، اور اس یقین کا اظہار کیا کہ مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔ سہولت کار کا کردار ادا کرنے والا ملک پاکستان دونوں فریقین کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، اسلام آباد واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ فعال رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ مجوزہ مذاکرات پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے، کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی علاقائی اور عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن چکی ہے۔ اگرچہ اب تک کسی پیش رفت کا اعلان نہیں ہوا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پسِ پردہ رابطے اور کوششیں جاری ہیں، جو آئندہ دنوں میں پیش رفت کے امکان کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ فی الحال دنیا ایک اشارے کی منتظر ہے، چاہے وہ کسی تاریخ کی تصدیق ہو یا تہران کی جانب سے جواب، جس سے اسلام آباد میں دونوں فریقین کے درمیان سفارتی رابطے کے دوسرے دور کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔