• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین کے عوام گہرے اور مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، زرداری

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے عوام گہرے اور مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے قریب رہیں گے، ہونان صوبے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ادھر صدر مملکت نے چینی صوبے ہونا ن کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ بھی کیا ، انہوں نے کمپنی کی پیداواری صلاحیت، معیار اور تکنیکی صلاحیت کو سراہا اور صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری پر زور دیا ۔ایوان صدرِ کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر اور ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ کی ملاقات کے دوران زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ پاکستان اور چین کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔صدرنے شین شیاؤمنگ کو پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں اور انہیں وسیع عوامی حمایت حاصل ہے،ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔صدرِ مملکت نے ہونان کے گورنر ماؤ ویمنگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہونان ماؤ ویمنگ نے پاکستان اور چین کو اچھے دوست، اچھے ہمسایہ، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہونان صوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی میں خلوصِ نیت سے اپنا کردار جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام گہرے اور مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے قریب رہیں گے۔عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ امید ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں عوام کو قریب لانے میں مدد دے گا۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ کیا،اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری پر زور دیتے ہوئے ٹیکنالوجی کے وسیع انضمام ، صنعتی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سانی کمپنی کی پیداواری صلاحیت، معیار اور تکنیکی صلاحیت کو سراہا۔

اہم خبریں سے مزید