کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطے ترقی یافتہ سماج کی بنیاد ہیں جبکہ سندھ حکومت آئی ٹی اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم، صحت اور گورننس کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے عالمی یومِ ٹیلی کمیونیکیشن پر ڈیجیٹل شمولیت کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ جدید مواصلاتی نظام ترقی، شفافیت اور عوامی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔