لاہور(خصوصی نمائندہ)قائد محمد نواز شریف اور حیدر علییوف کی دیرینہ دوستی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے باکو میں مریم نواز شریف کا شاندار سفارتی استقبال کیاگیا۔جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں وفد نے اہم ملاقات کی- وزیر اعلیٰ نے صدر الہام علییوف کو نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا سلام پہنچایا، صدرالہام علییوف کی بحالی امن کیلئے پاکستان کے ذمہ دارانہ اور عالمی ثالثی کردار کی تعریف۔اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیلی کمیو نیکیشن اور ٹیکنالوجی دور جدید کا موثر اور کارگر ہتھیار،پنجاب سمیت پاکستان میں فائیوجی ڈیجیٹل ٹیلی کمیونیکیشن کے لئے انقلاب کاپیامبر ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سےملاقات کے دوران دونوں اطراف نے آذربائیجان اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کی ترقی کو سراہا-سیاسی، اقتصادی، سفارتی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی مریم نے کہاکہ امن، تدبر اور مذاکرات کی طاقت کیساتھ دنیا نے پاکستان کو ناگزیر عالمی ثالث تسلیم کیا۔ پاکستان کی سٹریٹجک پوزیشن خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔پاکستان مسلم امہ کی واحد مسلم ایٹمی قوت ہونے کے ناطے عالمی نقشے پر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان کی ایٹمی قوت نے خطے میں توازن،خودمختاری اور قومی وقار کو مضبوط بنایا ہے۔وزیراعلی مریم نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور معاشی خوشحالی کے لیے دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں ۔