• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ نعیم الرحمٰن کا مہنگائی کے خلاف 22 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آ باد ( نیوز ر پورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے مہنگائی کے خلاف 22مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آگئے، نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے 22 مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور مہنگائی کی مجموعی صورتحال کے خلاف ملک گیر مظاہرے اور دھرنے ہوں گے، جون کے پہلے عشرے میں چاروں صوبوں میں ہڑتال ہوگی ، حکومت نے پٹرول کی قیمتیں کم نہ کیں تو سڑکوں کو جام کردیں گے اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔ دیر پائیں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کا موجودہ نظام عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہا ہے، اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آگیا۔جماعت اسلامی کا مارچ اٹک پل تک نہیں رکے گا۔ “بدل دو نظام” جلسہ عام سے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان اور امیر دیر پائیں مولانا اسد اللہ نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ جلسہ اختتام نہیں بلکہ ایک نئی جدوجہد کا آغاز ہے۔
اہم خبریں سے مزید