ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے شہری سہولیات میں نمایاں بہتری لائیں گے۔ ڈویژن بھر میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر مجموعی طور پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خانیوال، میاں چنوں اور جہانیاں میں تین بڑے ماڈل بازار منصوبے زیر تکمیل ہیں جن کی مجموعی لاگت 933 ملین روپے ہے۔ جہانیاں میں ماڈل اللہ داد بازار منصوبہ 140 ملین روپے سے جاری ہے جو 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے، جبکہ میاں چنوں میں پیڈیسٹرین ماڈل بازار منصوبہ 146 ملین روپے سے جاری ہے اور 20 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ اسی طرح خانیوال میں پیڈیسٹرین ماڈل بازار منصوبہ 647 ملین روپے سے جاری ہے ۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ خانیوال ماڈل بازار میں 299 دکانیں، 742 میٹر طویل منصوبہ اور 200 گاڑیوں کی پارکنگ شامل ہے۔ جہانیاں ماڈل بازار میں 130 دکانیں، 650 فٹ لمبائی اور 50 گاڑیوں کی پارکنگ جبکہ میاں چنوں ماڈل بازار میں 155 دکانیں، 965 فٹ لمبائی اور 100 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔لودھراں میں مین بازار ریلوے چوک بیوٹیفکیشن منصوبہ 84 ملین روپے سے جاری ہے جو 35 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ منصوبہ 0.21 کلومیٹر طویل ہے جس کی تکمیل کی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تحت سڑکوں کی بحالی، فٹ پاتھ کی تعمیر، پارکنگ، جدید لائٹنگ اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔