کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈ یونینز، لیبر سپورٹ آرگنائزیشنز اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے خلاف حکمِ امتناع ختم کرکے ایسا حتمی فیصلہ دیا جائے جو صوبے کے لاکھوں مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کرے،مذکورہ تنظیموں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ لوٹی گئی رقم کی واپسی کے لیے عملی اقدامات ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس معاملے میں مداخلت کریں ، پریس کانفرنس سے حبيب الدين جنيدی، ناصر منصور، عبدالرزاق ميمن، امان الله ڈاہری، زہرا خان اور دیگر نے خطاب کیا ، انہوں نے واضح کیا کہ نئے بورڈ اراکین نے اپنے پہلے اجلاس (مجموعی طور پر 35ویں میٹنگ) میں جو 3 مارچ 2026 ءکو وزیرِ محنت سندھ سعید غنی کی سربراہی میں ہوئی اس میں بورڈ میں25 ارب روپے سے زائد کی مبینہ خوردبرد کی تحقیقات اور وصولی کا فیصلہ کیا تھا، جو سابقہ انتظامیہ کے دور میں خرچ کیے گئے۔