لاہور(خبرنگار)نوتشکیل شدہ متحدہ علماء بورڈ پنجاب کا قران کمپلیکس میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور چیئر مین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں عالمی امن کے حوالے سے پاکستان کی موجودہ عسکری و سیاسی قیادت کی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاگیااور معرکہ حق میں زبردست کامیابی پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیاگیا۔اجلاس میں ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیااور پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اتحاد کی قوت سے آگے بڑھنے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ علماء بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گاسیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ،متعلقہ سرکاری محکموں کے حکام اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔