• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد مذاکرات، ایران کی شرائط نرم، ناکہ بندی کے فوری خاتمے سے دستبردار، آئندہ ہفتے پاکستان میں بات چیت پر بھی آمادہ، امریکی اخبار

کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے امریکا کیساتھ اسلام آباد میں امن مذاکرات کیلئے شرائط نرم کردی ہیں، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا کہ ایران نے مذاکرات کے لئے اپنی پیشگی شرائط میں نرمی کی ہے اور مزید مذاکرات سے پہلے امریکا سے ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ ترک کر دیا ہے، تاہم، مذاکرات کے نئے دور کے لئے ابھی تک کسی وقت پر اتفاق نہیں ہوا ہے۔برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے ہفتے کے روز بتایا کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی ایک تجویز، جسے اب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسترد کر دیا ہے، اس کے تحت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال کر دی جائے گی اور ایران کی امریکی ناکہ بندی ختم ہو جائے گی، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کو بعد کے لیے چھوڑ دیا جاتا۔خفیہ سفارت کاری پر بات کرنے کے لئے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سینئر ایرانی اہلکار نے بتایا کہ تہران کا خیال ہے کہ جوہری مذاکرات کو بعد کے مرحلے کے لئےمؤخر کرنے کی اس کی تازہ ترین تجویز ایک اہم تبدیلی تھی جس کا مقصد معاہدے میں سہولت پیدا کرنا تھا۔اس تجویز کے تحت، جنگ اس ضمانت کے ساتھ ختم ہو گی کہ اسرائیل اور امریکادوبارہ حملہ نہیں کریں گے۔ ایران آبنائے کو کھول دے گا اور امریکا اپنی ناکہ بندی اٹھا لے گا۔پابندیوں کے خاتمے کے بدلے ایران کے جوہری پروگرام پر پابندیوں کے بارے میں مستقبل میں مذاکرات کئے جائیں گے، جس میں ایران مطالبہ کرے گا کہ واشنگٹن پرامن مقاصد کے لئےیورینیم افزودہ کرنے کے اس کے حق کو تسلیم کرے، چاہے وہ اسے معطل کرنے پر ہی کیوں نہ اتفاق کر لے۔

اہم خبریں سے مزید