• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر کی ازبک سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی پرکشش دعوت

کراچی (نیوز ڈیسک)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ازبک سرمایہ کاروں کو پاکستان بالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری کی پرکشش دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور نووئی ریجن اور کراچی کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس میں نووئی ریجن کے گورنر نورمت تْرسانوف کی قیادت میں آنے والے ازبک بزنس وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ازبکستان کے سفیر علیشیر تختایف، چیئرمین بزنس مین گروپ محمد زبیر موتی والا اور سہیل موٹن بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران نووئی ریجن کے گورنر نے گورنر سندھ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں نووئی ریجن خصوصاً تاشخند کے دورے کی دعوت دی، جسے گورنر سندھ نے قبول کرلیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سمیت ٹیکسٹائل، زراعت، مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مشترکہ مواقع موجود ہیں۔حکومت اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت کاری فراہم کر رہی ہے اور حاصل شدہ منافع کی بلا رکاوٹ بیرونِ ملک منتقلی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر دونوں جانب سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ازبکستان سے لاہور اور اسلام آباد کے لئے جاری پروازوں کے ساتھ کراچی کے لئے بھی براہِ راست پرواز شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید