• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے، حافظ نعیم الرحمٰن

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایک ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے، غریبوں کے کچے مکان گرادیئے گئے لیکن اشرافیہ کے محلات کے خلاف وزیر اعظم نے کارروائی روک دی۔ پٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی کی بھیک نہیں چاہیے، پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں عوامی رابطہ مہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور جنرل سیکرٹری زبیر صفدر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی رابطہ مہم کے دوران ممبر سازی کا 50 لاکھ ہدف حاصل کرے گی، اس وقت جماعت اسلامی کے ملک بھر میں 20 لاکھ ممبران بن چکے ہیں، 50 ہزار عوامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عام آدمی سے ایک لیٹر پٹرول پر 157 روپے لیوی اور ٹیکسزکی مد میں وصول کر رہی ہے، عوام کہاں جائیں؟ کپیسٹی پے منٹ کے نام پر ملکی خُزانے کو خالی کیا جا رہا ہے، اشرافیہ ٹیکس چوری میں ملوث ہے، جاگیردار ٹیکس ادا نہیں کرتے جب کہ عام آدمی بجلی کے بلوں، پٹرول اور دیگر اشیا پر بیسیوں قسم کا ٹیکس دیتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید