• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل کے اوپن ایئر تھیٹر میں محفل قوالی، حاضرین جھوم اٹھے

کراچی(مطلوب حسین ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اوپن ایئر تھیٹر میں منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ قوالی میں نامور قوال فرید ایاز اور ابو محمد نے اپنے روح پرور کلام سے ایسا سماں باندھا کہ حاضرین جھوم اٹھے۔ شدید گرمی اور حبس کے باوجود شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رات گئے تک محفل سے لطف اندوز ہوتے رہے۔تقریب کے دوران صوفیانہ کلام اور کلاسیکی انداز نے محفل کو عروج پر پہنچائے رکھا، جبکہ ہر طرف داد و تحسین کی صدائیں گونجتی رہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ قوالی کی اس روحانی محفل نے انہیں ایک منفرد کیفیت سے ہمکنار کیا۔دوسری جانب تقریب میں غیر معمولی رش کے باعث آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھنے میں آیا۔ شرکاء کی بڑی تعداد اپنی گاڑیوں کے ساتھ پہنچنے کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جبکہ ٹریفک کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنا نے کے لئے ٹریفک اور ضلع پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی ،منتظمین کے مطابق شاندار شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر میں ثقافتی سرگرمیوں کے لیے لوگوں میں بے پناہ جوش و خروش پایا جاتا ہے، اور آئندہ بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید