اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سرحدی اضلاع میں غیر انسانی پرتشدد واقعات ناقابل قبول ہیں، معصوم شہریوں پر کئے جانے والے غیر انسانی تشدد کے واقعات انسانیت دشمن سوچ کے عکاس ہیں، ایک مرتبہ پھر فتنہ الخوارج کے کواڈ کاپٹرحملے میں کرکٹ کھیلتے 3شہری زخمی ہوئے،پاکستان صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مکمل شکست کھانے اور ان کا سامنا کرنے کی ہمت نہ رکھنے کے بعد شہری علاقوں کو نشانہ بنانا نہ صرف قابل نفرت ہے بلکہ یہ رجیم کے رہنماؤں کے پست اخلاقی کردار کو بھی آشکار کرتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنی پوسٹ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے گزشتہ روز کے پریس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پریس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ صرف ضلع باجوڑ میں افغان طالبان اور ان کے بھارتی حمایت یافتہ پراکسی فتنہ الخوارج کی جانب سے شہری آبادی کو بلا اشتعال مجرمانہ کارروائی میں چھ معصوم بچوں اور خواتین سمیت 9 شہری شہید جبکہ سات خواتین اور ایک کم عمر بچے سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔