اسلام آباد (نیو زرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہاہے کہ صحافتی آزادی کے تحفظ میں حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ، مستند اور تعصب سے پاک خبروں کی بروقت اشاعت ہی اصل صحافت کی اساس ہے صحافت سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی ایک باخبر اور با شعور معاشرے کی ضمانت ہے۔ پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیر مستند اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی ترسیل کو اپنی پیشہ ورانہ اقدار کے تحت روکنا ہر صحافی کا فرض ہے۔ صحافی نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ سماجی اقدار کے امین ہیں۔ وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہار عالمی یومِ آزادیِ صحافت 3 مئی 2026 پر اپنے پیغام میں کیا۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر میں پاکستان اور دنیا بھر کے صحافی، کالم نویس، رپورٹرز، مدیران، براڈکاسٹنگ اورصحافت سے وابستہ تمام افراد کو انکی بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس سال عالمی یومِ آزادیِ صحافت “پرامن مستقبل کی تشکیل” کے عنوان تحت منایا جارہا ہے۔ یہ موضوع دور حاضر کی ضروریات کی عکاسی کرتا ہے۔