• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، گرمی کی شدت میں اضافہ، ہیٹ ویو کا خدشہ، شہریوں کو احتیاط کا مشورہ

کراچی (بابر علی اعوان) شہر قائد میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ماہرین صحت نے ہنگامی بنیادوں پر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ماہرین کے مطابق صبح گیارہ بجے سے شام چار بجے تک بلا ضرورت گھروں سے نکلنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، شہری اگر کسی مجبوری کے تحت باہر نکلیں تو سر اور جسم کو گیلے کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپیں، پانی کی بوتل ہمراہ رکھیں اور وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں۔ معروف ماہر متعدی امراض ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے بتایا کہ شدید گرمی نہ صرف ہیٹ اسٹروک بلکہ پانی کی کمی، معدے اور آنتوں کی بیماریوں سمیت مختلف انفیکشنز کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری خاص طور پر صاف اور ابلا ہوا پانی پینے کو یقینی بنائیں، کیونکہ گرمی کے موسم میں آلودہ پانی کے استعمال سے ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور دیگر امراض کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر معیاری اور کھلے عام فروخت ہونے والی اشیائے خورونوش سے گریز کیا جائے اور بچوں کو باہر کے مشروبات سے حتی الامکان دور رکھا جائے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران مرغن کھانوں سے اجتناب کیا جائے۔

اہم خبریں سے مزید