اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد) ملک میں گندم کے امکانی بحران سے نمٹنے کیلیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا پانچ روزکے دوران دوسرا اہم اجلاس وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب نے وفاقی ذخائر سے 10 لاکھ ٹن جبکہ سندھ نے کم از کم 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔خیبرپختونخوا نے بھی سرکاری شعبے کیلیے ایک لاکھ ٹن اور نجی شعبے کیلیے 7 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ظاہرکی۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گندم درآمد کرنے کے امکان پر بھی غورکیا، تاہم حتمی فیصلہ تمام صوبوں سے تحریری طور پر حتمی ضروریات موصول ہونے کے بعد کیاجائیگا۔ وفاقی وزیر احدچیمہ نے کہاکہ مقامی کسانوں کے مفادات کاہرصورت تحفظ کیاجائیگااوردرآمدکاکوئی بھی فیصلہ ملکی صورتحال کامکمل جائزہ لینے کے بعدکیاجائیگا۔