• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ ملکی صورتحال میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت، سلمان رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عبدالرؤف، سابق سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، سی سی او پنجاب سنٹر آف ایکسیلینس آن وائلنٹ ایکسٹریمزم غلام صغیر شاہد اور ڈاکٹر احمد خاور شہزاد ہمراہ تھے۔ اس موقع پر مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر حافظ محمد عبد الکریم موجود تھے۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر افسران نے جماعت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی دفتر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔ ملاقات کے دوران اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ قیام امن کی خاطر علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ موجودہ ملکی صورتحال میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
لاہور سے مزید