کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے معرکہ حق کو بھر پور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مرکزی پروگرام کے علاوہ علاقائی اورٹائون کی سطح پر بھی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں اور ان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔ معرکہِ حق دراصل حق اور باطل کے درمیان وہ لکیر ہے جو محبِ وطن پاکستانیوں کو ملک دشمن عناصر سے جدا کرتی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ قومی اداروں کے وقار کی بات کی ہے اور ہم کسی بھی شر پسند عنصر کو ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اجلاس میں انیس احمد قائم خانی اور فرقان اطیب نے تنظیمی نظم و ضبط اور پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ نچلی سطح پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں تاکہ عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔