حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایف آئی اے حیدرآباد کرائم سرکل نے جعلسازی سے زرعی قرضے کی منظوری اورمنطور کی گئی 24لاکھ روپے کی رقم کی خوردبرد کے الزام میں زرعی ترقیاتی بینک حیدرآباد کے برانچ منیجر ارباب امام ڈنو کو گرفتارکرلیا ۔ایف آئی اے تھانہ حیدرآباد میں محمدیوسف آرائیں نے کرائم نمبر 2026/02کے تحت ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں کہاگیا تھا کہ زرعی ترقیاتی بینک کے برانچ منیجر نے اس کی لاعلمی میں اپنے عہدے کافائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی پاس بک کے نام پر جعلسازی سے زرعی قرضہ منظورکرکے 24لاکھ روپے کی رقم ہڑپ کرلی تھی۔ جعلسازی سے میرے نام پر لئے گئے قرضہ پر رابطہ کیا تو مجھے دھمکیاں دیں اورہراساں کیاتھا۔ ایف آئی اے حیدرآباد کرائم سرکل نے منگل کو ایک کاروائی کے دوران زرعی ترقیاتی بینک پرچھاپے کے دوران برانچ منیجر ارباب امام ڈنو کو گرفتار کرکے ایف آئی اے تھانہ حیدرآباد منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔