راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہے کہ قوم کی یک جہتی اور افواج کی قربانی سے ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، دشمن اب پاکستان پر حملہ کرنے سے قبل دس بار سوچے گا، دشمن کے خلاف ہم کل بھی اکٹھے تھے آج بھی اکٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی ایک پیچیدہ اور سنجیدہ مسئلہ ہے،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بہت زیادہ تشویش ہے، موجودہ حالات میں پارٹی کو اختلافات ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، پارٹی میں اگر کسی کے گلے شکوے ہیں وہ فی الحال اسے پس پشت ڈالے، منگل کو اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اکتوبر سے ہم ہر ہفتے ملاقات کے لیے آتے ہیں لیکن ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہیں،ملک کے خیر خواہ ملاقاتوں میں خلل نہیں ڈالتے، ملاقاتیں ہوں گی تو معرکہ حق کی خوشی کو چار چاند لگ جائیں گے، معرکہ حق کی فتح افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی یک جہتی سے ممکن ہوئی، معرکہ حق نے پاکستان کے دفاع کی بنیادیں مضبوط کیں اور پاکستان کے وقار میں نئی جان ڈالی، ا س نے خطے میں طاقت کے توازن کا از سر نو تعین کیا،انہوں نے کہاکہ اگر ہم دنیا کے مسائل حل کر سکتے ہیں تو ایمانداری سے اپنے مسائل بھی حل کریں، ایک سوال پر ان کاکہناتھاکہ بڑی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں ٹانگہ پارٹیوں میں نہیں ہوتے، ہمارا فوکس اس وقت بانی اور ان کی اہلیہ کی رہائی اور علاج ہے۔