اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) عشق عمران میں جان دینے کا نعرہ لگاکر اقتدار میں آنے اور احتجاج کے چیمپئن ہونے کے دعویدار خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ جس نے ملک بھر میں اسٹریٹ ایجی ٹیشن برپا کرنے کی ذمہ داری لی تھی، اب اس کا احتجاج ’’قلم چھوڑ ہڑتال‘‘ پر آکر ڈھیر ہوگیا ہے۔ تحریک انصاف کا طرف دار سوشل میڈیا اس پر سہیل آفریدی کے خلاف پھٹ پڑا ہے، اس کے کی بورڈ و اریرز کا استعمال ہے کہ اس فیصلے نے تحریک انصاف کو ’’بے آبرو‘‘ کردیا ہے اور اس تاثر کو پختہ کردیا ہے کہ تحریک انصاف منشیوں کی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔ قلم پکڑنا اور چھوڑنا منشی لوگوں کا کام ہوتا ہے۔ اس دوران تحریک انصاف کے مرکز سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد نے اس فیصلے کو بچکانہ اور احمقانہ قرار دیا ہے۔ خود خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے سرکردہ افراد نے بھی کہا ہے کہ اس سے تحریک انصاف قرار واقعی طور پر مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا ہے کہ ایک اہم صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہونے کے باوجود سہیل آفریدی کسی دوسرے کے لیے تحریک انصاف کے جیل کاٹ رہے بانی سے کیا ملاقات کراتا وہ خود آٹھ ماہ گزر جانے کے باوجود اڈیالہ جیل کے پھاٹک کو بھی نہیں چھو سکا۔ ان افراد نے منگل کی شب جنگ/ دی نیوز کو بتایا ہے کہ سہیل آفریدی نے اپنی سانٹھ گانٹھ وہاں پختہ کرلی ہے جہاں سے آگے حکومت میں رہنے کی ضمانت مل سکتی ہے۔