لاہور(آصف محمود بٹ) حکومتِ پنجاب نے سرکاری نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صوبائی مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت میں بنیادی اور دیرپا تبدیلیاں لانے کیلئے اپنی نوعیت کے پہلے جامع اور ہمہ گیر اصلاحاتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جسے صوبے میں گورننس کے ڈھانچے کو مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کی جانب ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اصلاحات مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایم پی ڈی ڈی) کے ذریعے سیکرٹری اقبال حسین کی قیادت میں مرحلہ وار نافذ کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد سول سروس کی استعداد کار کو بدلتے ہوئے عالمی و مقامی تقاضوں، تیز رفتار تکنیکی ترقی پیچیدہ پالیسی چیلنجز اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی توقعات کے مطابق ڈھالنا ہے تاکہ حکمرانی کا نظام زیادہ مؤثر جوابدہ اور شہری مرکز ہو سکے۔ اصلاحاتی پروگرام کے تحت روایتی تدریسی و تربیتی ماڈلز سے ہٹ کر ایک جدید، صلاحیتوں پر مبنی (کمپیٹنسی بیسڈ)، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور مستقبل پر نظر رکھنے والا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔