لاہور( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے ہمراہ بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں پانی کے رساؤ اور زیر زمین پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے والی جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بیسمنٹ میں پانی رساؤ کے مسئلے کے دیر پا حل کے لئے زیر زمین پانی کی سطح کا تفصیلی جائزہ لینے اور جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے علاج کی غرض سے آئے ہوئے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کا بہترین علاج معالجہ اولین ترجیح ہے۔ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انسانی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔