• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں ڈی ایچ اوز اور ایم ایس کی تعیناتیوں کیلئے نیا طریقہ کار

کراچی (بابر علی اعوان) محکمہ صحت سندھ نے اہم انتظامی عہدوں پر تقرریوں، تعیناتیوں اور تبادلوں کے عمل کو شفاف اور میرٹ پر لانے کیلئے ایک سرچ کمیٹی قائم کر دی ہے۔سیکریٹری صحت سندھ طاہر حسین سانگی کی جانب سے 4 مئی 2026 کو جاری اعلامیے کے مطابق وزیر صحت کی منظوری سے تشکیل دی گئی اس کمیٹی کا مقصد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور بڑے سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سمیت کلیدی انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کو ضرورت، اہلیت اور شفافیت کی بنیاد پر یقینی بنانا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر وقار محمود میمن ممبر/کنوینر اور ایڈیشنل سیکریٹری (ٹیکنیکل) محکمہ صحت کو ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اہم عہدوں کے لیے موزوں اور اہل امیدواروں کی سفارشات پیش کرے تاکہ پیشہ ورانہ صلاحیت کے حامل افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جا سکے۔ ماہرین صحت اور شعبہ طب سے وابستہ حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس فیصلے پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا گیا تو بلاجواز اور سیاسی بنیادوں پر ہونے والی تعیناتیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا، جبکہ مبینہ طور پر رشوت کے عوض ہونے والے تبادلوں کی بھی حوصلہ شکنی ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید