امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے امریکا کی سرحدوں کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنایا اور غیرقانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں مدرز ڈے کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے سابق اوپن بارڈر پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان پالیسیوں کے باعث تقریباً 25 ملین غیرملکی امریکا آئے، جن میں بڑی تعداد جرائم پیشہ عناصر کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے سرحدی نگرانی سخت کی اور غیرقانونی داخلے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب کوئی بھی غیرملکی غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل نہیں ہو رہا اور امریکی سرحدیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں۔ ان کے مطابق سرحدی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے فیصلوں نے ملک میں امن و امان اور قومی سلامتی کو مضبوط کیا ہے۔
امریکی صدر نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ امریکا آج پہلے سے زیادہ مضبوط، محفوظ اور آزاد ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت کی پالیسیوں کو ملکی معیشت، سلامتی اور عوامی اعتماد کے لیے مثبت قرار دیا۔